منگلورو 19؍اگست (ایس او نیوز) منگلورو میں دن دہاڑے ایک بدنام زمانہ غنڈے کو اس کی بیوی اور بچے کی موجودگی میں بیچ سڑک پر قتل کردینے کا واقعہ سامنے آیا ہے۔ہلاک ہونے والے روڈی شیٹر کا نام چرن(۳۱ سال) بتایا جاتا ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ چرن کچھ عرصہ جیل میں رہنے کے بعد رہا ہوا تھا۔ اس کی ماں کا آپریشن ہونے کی وجہ سے وہ اپنی بیوی اور بچے کے ساتھ اسپتال جا کر ماں سے ملنے کے بعد ایک آٹو رکشہ میں گھر واپس لوٹ رہا تھا جب چار لوگ ایک بولیرو کار میں آئے اور آٹو سے اس کی بیوی کو باہر گھسیٹنے کے بعد تیز دھار دار ہتھیاروں سے چرن پر حملہ کرکے فرار ہوگئے۔ رکشہ ڈرائیور جس نے شدید زخمی چرن کو اسپتال پہنچایا تھا اس کے مطابق حملے کے وقت چرن کا بچہ اس کی گود میں تھا۔ چرن زخموں کی تاب نہ لاکر اسپتال میں چل بسا۔ رکشہ ڈرائیور نے حملہ آوروں کی شناخت رضوان، عمران اور سیف الدین کی حیثیت سے کی ہے۔
چرن کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ وہ ہندتووادی کارکن تھا اور جب2014 کسی معاملے میں اسے کوور پولیس اسٹیشن لے جایا گیا تو اس وقت وہاں کے سب انسپکٹر اومیش کمار پر سنگھ پریوار کی تنظیموں نے الزام لگایا تھا کہ انہوں نے چرن کو بہت زیادہ ٹارچر کیا ہے۔ اس پر ایس آئی رمیش کو کچھ مدت کے لئے معطل بھی کیا گیاتھا۔یہا ں تک کہ سابق وزیراعلیٰ یڈی یورپا تک نے کوور پولیس اسٹیشن پہنچ کر اس معاملے میں دلچسپی لی تھی۔
پولیس کمشنر چندر سیکھر نے بتایا کہ قتل کے اصل مقصد کے بارے میں کچھ کہنا فی الحال ممکن نہیں ہے البتہ بظاہر ایسا لگتا ہے کہ کوئی سابقہ دشمنی ہے جس کی وجہ سے یہ قاتلانہ کارروائی انجام دی گئی ہے۔ اس کیس کی تحقیقات کے لئے تین پولیس ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔